اسلام آباد (ایجنسیاں)تحریک انصاف کے رہنماء اسد عمر نے کہا ہے کہ عمران خان یا پارٹی کے کسی بھی رہنماء کی پس پردہ بات چیت نہیں ہو رہی‘الیکشن کال ہونےپر پنجاب اورخیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کردیں گے ‘اسلام آباد میں عوام کا سمندر آرہا ہے ،اسے جھتا بولنے والوں کو شرم آنی چاہئے‘ موجودہ صورتحال کی وجہ سے فوج کو سیاسیت میں گھسیٹا جارہا ہے۔منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ قوم بیدار ہو چکی ہے، جتنی بھی طاقت استعمال کر لیں ذہنوں کو تبدیل نہیں کر سکتے۔میں چیلنج کرتا ہوں شہباز شریف بغیر سکیورٹی پنجاب کے عوام میں کھڑے ہوکر دکھائیں، پاکستان میں کاغذ پر جمہوری نظام ہے، اس حقیقت کو کوئی جھٹلا نہیں سکتا کہ ماضی میں پاکستان کے اہم فیصلوں میں ریاستی اداروں اور اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کا اہم کردار رہا ہے۔