راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبر ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں لانگ مارچ میں ڈرون کے ذریعے کوریج پر پابندی لگادی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کی آمد و سکیورٹی کے سلسلے میں پنجاب کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاسوں میں حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی گئی ۔ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس کمشنر آفس جبکہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس میں ہوا۔ وزیر ماحولیات و پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت ویڈیو لنک میٹنگ میں کمشنر ثاقب منان،ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی اور دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کے اجلاس میں حساس اداروں کے نمائندوں، پولیس اور ضلعی افسران نے شرکت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق کابینہ کمیٹی اجلاس میں سکیورٹی تھریٹس کے باوجود پی ٹی آئی کے سربراہ کی طرف سے سکیورٹی کو خاطر میں نہ لانے پر تشویش کا اظہار کیا گیااور پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے درخواست کی گئی کہ وہ سکیورٹی حصار کو بہتر کریں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ راولپنڈی میں لانگ مارچ کے روٹ پر ہائی رائز بلڈنگز کو کلیئر کیا جائے گااور ان پر سنائپرز تعینات ہوں گے۔ اجلاس میں سب سے زیادہ فوکس عمران خان کی سکیورٹی پر مرکوز تھااور سیکورٹی انتظامات کو سخت ترین رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی اجلاس میں سیکورٹی تھریٹس پر پولیس اور حساس اداروں نے بریفنگ دی۔