کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیدرلینڈز اور پاکستان کا کھیلوں میں چولی دامن کا ساتھ رہا ہے۔ ماضی میں بھی کھیل کے میدان میںنیدرلینڈ پاکستان کی مدد کرتا رہا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم جس طرح ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی ہے تقریباً 51 سال قبل پاکستانی ہاکی ٹیم بھی اسی طرح ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔ پاکستان تقریباً ہاکی ورلڈ کپ سے باہر ہوچکا تھا لیکن جاپان نے نیدرلینڈز کو آخری لیگ میچ میں شکست دے کر پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچا دیا،اس کے بعد پاکستان نے فائنل میں اسپین کو ایک گول سے ہراکر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔1971میں ہاکی کے بعد2022میں کرکٹ میں ملتی جلتی صورتحال سے پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔اس بار نیدر لینڈ نے جنوبی افریقا کو اپ سیٹ کیا۔ تاہم دیکھنا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا ہوتا ہے یا نہیں۔