کراچی (اسٹاف رپورٹر) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سیمی فائنل میں پہنچنے پر پیغام جاری کیا ہے۔ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا ہے کہ شاباش، اللّٰہ کا شکر ہے کہ ہم سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔ شاہین آفریدی نے بہترین بولنگ کی، اللّٰہ جانتا ہے کہ ہمیں اس خوشخبری کی کتنی ضرورت تھی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ بڑا موقع ہے، ٹیم نے بہت اچھا کھیل پیش کیا۔ نیدرلینڈز نے بھی اچھا میچ جیتا۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے بھی پاکستانی کرکٹ ٹیم کو سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے بنگلا دیش کے خلاف میچ میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پی سی بی چیئرمین رمیز راجا نے ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر قرآنی آیت شیئر کر دی۔ رمیز راجا نے ٹوئٹر پر سورۃ انفال کی آیت نمبر 30 شیئر کی۔