کراچی ( اسٹاف رپورٹر) بدھ کو جہاں پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں رسائی حااصل کی تو دوسری جانب ملائیشیا میں پاکستان نے ایشین ہاکی چیمپئن جاپان کو سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں 3-5 گول سے شکست دیکر 11 سال بعد برانز میڈل جیت لیا۔ ایپوہ میںتیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلہ میں 5-3 مات دی۔ پاکستان کی جانب سے 11ویں منٹ میں حنان شاہد، 18ویں منٹ میں افراز احمد نے پنالٹی کارنر ، 27ویں اور 31ویں منٹ میں رومان جبکہ 53 ویں منٹ میں رانا عبدالوحید نے گول اسکور کیے ۔جاپان کی جانب سے کینٹارو نے ایک اوریوما نے دو گول بنائے۔ پاکستان نے اس سے قبل 2011 میں آسٹریلیا کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلا تھا۔ پاکستان ٹیم کے9 کھلاڑیوں نے اس ایونٹ سے انٹرنیشنل کیریئر شروع کیا۔ ٹورنامنٹ کا فائنل میزبان ملائشیا اور کوریا کے مابین جمعرات کو کھیلا جائیگا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر،سکریٹری سید حیدر حسین ودیگر نےقومی ٹیم کو کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔