لاہور( نمائندہ خصوصی )امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے وفد کے ہمراہ زمان پارک لاہور میں عمران خان کی عیادت کی،انہوں نےعمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا، دونوں رہنماؤں میں ملکی معاملات اور سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ملاقات کے بعد سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طویل جنگ کے بعد بھی حل الیکشن ہی ہیں،اسٹیبلشمنٹ نے غیر جانبدار رہنے کا کہا،ریفارمز کے بغیر الیکشن قبول نہیں ،پاکستان کے استحکام کیلئے الیکشن اصلاحات ضروری ہیں جن کے بغیر الیکشن پہلے دن سے ہی متنازع ہو جاتے ہیں،موجودہ الیکشن یرغمال ہوتے ہیں جس کے پاس پیسہ ہوتا ہے وہ پیسہ خرچ کرتا ہے،اسٹیبلشمنٹ نے عوام سے وعدہ کیا ہے کہ وہ غیر جانبدار رہیں گے ،اگر ادارے نے خود غیر جانبدار رہنے کا اعلان کیا ہے تو ہمیں چاہیے کہ ایک طریقہ کار بنا لیں،الیکشن کمیشن کمزور ہو اور ہر کوئی اسے استعمال کرے تو احتجاج ہوگا،الیکشن ریفارمز کے بغیر کوئی الیکشن قبول نہیں کرے گا ،ہم اس معاملے میں متاثرہ فریق ہیں،تمام جماعتوں سے بات کروں گا ، سب جماعتیں حکومت میں شامل ہیں اس لئے نقصان صرف عوام کا ہو رہا ہے،سیاسی جنگ کے بعد بھی الیکشن ہی راستہ ہے ،ماضی میں جب بھی سیاستدان لڑے تو مارشل لاء آیا۔