راولپنڈی / کراچی (نیوز ایجنسیز / نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ریٹائرمنٹ سے قبل مختلف فارمیشنز کے الوداعی دورے کرنا شروع کر دیئے ہیں جس کے بعد ان کی مدت ملازمت میں توسیع کی تمام افواہیں دم توڑ گئیں۔ آرمی چیف سیالکوٹ اور منگلا گریژن گئے، فارمیشنز کی کارکردگی کو سراہا اور افسروں سے ملاقاتیں کیں۔ جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ فوجی جوان ہر طرح کے حالات میں اسی جذبے اور عزم کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔ آرمی چیف نے مختلف آپریشنز میں قدرتی آفات کے دوران بہترین کارکردگی پر تعریف کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فو ج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ اور منگلا گیریژنز کا دورہ کیا ، آرمی چیف کا یہ دورہ مختلف فارمیشنز کے الوداعی دوروں کا حصہ ہے ۔پاک فوج کے سربراہ نے دونوں گیریژنز میں افسران اور جوانوں سے ملاقاتیں کیں ۔ آرمی چیف نے مختلف آپریشنز ، تربیت اور قدرتی آفات کے دوران فارمیشنز کی بہترین کارکردگی کو سراہا ۔ پاک فوج کے سربراہ نے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں اسی جذبے اور عزم کے ساتھ قوم کی خدمت کرتے رہیں۔سیالکوٹ گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر جبکہ منگلا گیریژن میں لیفٹیننٹ جنرل ایمن بلال صفدر نے آرمی چیف کا پرتپاک استقبال کیا۔ ادھر جیو نیوز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی الوداعی ملاقاتیں شروع ہونے بعد اس کی ایکسٹینشن کی افواہیں دم توڑ گئیں ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ آرمی چیف اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر ہوجائیں گے اور کوئی ایکسٹینشن نہیں لیں گے لیکن سوشل میڈیا پر مسلسل یہ خبریں چل رہی تھیں کہ آرمی چیف ایکسٹینشن لے سکتے ہیں ، گزشتہ روز آئی ایس پی آر نے آرمی چیف کی الوادعی ملاقاتوں کی خبر جاری کی ہے جس سے ایکسٹینشن سے متعلق تمام افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔