ریاض (شاہدنعیم) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سعودی عرب کے دو روزہ سرکاری دورے پر بدھ کےروز دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہ سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور اور عملہ کے دیگر افسران نے استقبال کیا، دورے میں بلاول بھٹو زرداری اپنے سعودی ہم منصب کے ہمراہ" سعودی پاکستان سپریم کوارڈینیشن کونسل" کے اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ سرکاری مصروفیات کے علاوہ وزیر خارجہ مقامی میڈیا سے گفتگو اور مملکت کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری کے دورے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون فروغ پائے گا۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر نائف فالح الحجرف سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات، علاقائی و خلیجی صورتحال پہ تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو کی، جبکہ دوسری طرف مقیم پی پی پی کارکنوں سے بھی ملاقات کی ہے۔