لاہور (آئی این پی) لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کیخلاف کیس میں وفاقی وزارت قانون و انصاف اور الیکشن کمیشن کو جواب داخل کروانے کی ہدایت کر دی جبکہ کیس کو لارجر بینچ کی تشکیل کیلئے چیف جسٹس کو بجھوا دیا۔ ہائیکورٹ نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ درخواست میں اہم اور قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں جن کی تشریح کیلئے لارجر بینچ بنایا جائے۔الیکشن کمیشن کے وکیل عدیل اشرف نے جواب داخل کرنے کیلئے 15روز کی مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو جواب داخل کرنے کی مہلت دیدی۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نصر احمد نے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض کیا۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے موقف دیا کہ متعلقہ وزارت کو فریق نہیں بنایا، وزارت قانون متعلقہ فریق ہے۔درخواست گزار وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ کیس کی اہمیت کے پیش نظر لارجر بینچ کو بھیج دیا جائے۔ وفاقی وکیل نے لارجر بینچ کی تشکیل پر اعتراض نہیں کیا۔ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ دیکھنا ہے کہ الیکشن کمیشن کسی ممبر پارلیمنٹ کو براہ راست نااہل قرار دے سکتا ہے۔