لندن،اسلام آ باد(مانیٹرنگ ڈیسک ، ایجنسیاں،صباح نیوز )مسلم لیگ( ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نوازشریف نے پی ڈی ایم رہنمائوں آصف زرداری، مولانا فضل الرحمان، اختر مینگل،خالدمقبول صدیقی اور محمود خان اچکزئی سے رابطے کرکے اہم تعیناتی پرمشاورت کی ،جبکہ ملک کی موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوئی ،پی ڈی ایم رہنمائوں نے عمران خان کے دبائو میں نہ آنے پر اتفاق کیا ۔نواز شریف نے ان رہنمائوں سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ملکی سیاسی صورتحال سمیت دیگر امور خصوصاً اہم تقرری کے معاملے پر مشاورت کی۔ ذرائع کے مطابق رابطوں کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور مریم نواز بھی موجود تھے۔دوران گفتگو رہنماؤں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قومی سلامتی کے خلاف بیانیے پر قانونی کارروائی تیز کرنے پر بھی اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان انتظامی معاملے کو سیاست کی نذرکرنا چاہتے ہیں۔رہنمائوں کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ عمران خان کا حق ہے لیکن سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ جبکہ نئی تقرری کے معاملے پر بھی کوئی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے عام انتخابات سمیت دیگر سیاسی فیصلے بھی مشاورت سے کرنے پر اتفاق کیا۔ رواں ماہ اہم تقرری کے حوالے سے قائد(ن)لیگ نوازشریف نے اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ نوازشریف نے سابق صدر آصف زرداری، سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان، بی این پی کے سربراہ اختر مینگل ،ایم کیو ایم کے کنوینر خالدمقبول صدیقی اورپشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ملکی سیاسی صورتحال سمیت اہم تقرری کے معاملے پر مشاورت کی۔دوران گفتگو رہنمائوں نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے قومی سلامتی کے خلاف بیانیے پر قانونی کارروائی تیز کرنے پر بھی اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان انتظامی معاملے کو سیاست کی نذر کرنا چاہتے ہیں۔