اسلام آبادراولپنڈی (نیوزایجنسیزمانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل میں پاکستانی ٹیم نے شاندار باؤلنگ کیساتھ بھرپور اور دلیرانہ مقابلہ کیا،میگا ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنانے پر ہمیں اپنی قومی ٹیم پر فخر ہے اوررہےگا،اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے فائنل میں بہتر کھیل پیش کیا تاہم ٹیم پاکستان نے بھی بھرپور اور دلیرانہ مقابلہ کیا خصوصا ًباؤلنگ کے شعبہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قبل ازیں میچ سے پہلے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ فائنل تک پہنچنے کیلئے تمام مشکلات کو شکست دی ہے،میں جانتا ہوں کہ آپ میں جیتنے کا جذبہ، حوصلہ اور عزم ہے، وزیر اعظم نے قومی کرکٹ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اپنے آپ پر یقین رکھیں اور اپنا بہترین کھیل کھیلیں، پوری قوم آپکے پیچھے کھڑی ہے،وزیر اعظم نے اپنے ٹویٹ کے آخر میں قومی کرکٹ ٹیم کیلئے لکھا ʼʼگڈ لک‘‘۔