ملتان (سٹاف رپورٹر) ریسرچ میتھڈولوجی کے موضوع پر پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز سمیت سینئر فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔مہمان خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد تھے جبکہ راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر انجم جلال اور پرویز الٰہی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر مجتبیٰ علی نے لیکچر دیے۔ ورکشاپ میں شعبہ کارڈیالوجی میں جدید جراحی طریقہ علاج کے حوالے سے بھی شرکاء کو آگاہی فراہم کی گئی۔ڈاکٹر رانا الطاف نے اپنے خطاب میں میڈیکل کے شعبے میں ریسرچ کی افادیت اور اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس اہم موضوع پر ورکشاپ کے انعقاد پر مقررین اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تجزیاتی مہارت، تنقیدی سوچ کے ساتھ تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔