اسلام آباد( طاہرخلیل،خصوصی نمائندہ) قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے مصر میں ہونے والی COP27 سربراہی اجلاس میں پاکستان کو ʼگلوبل شیلڈ فنڈنگ کے ممالکʼ کی فہرست میں شامل کرنے کے فیصلے کو سراہا ہے۔ جنگ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور دیگر چھ ممالک ʼگلوبل شیلڈʼ حاصل کرنے والے پہلے ممالک ہوں گے۔ انہوں نے اسے پاکستان کی پارلیمانی اور خارجہ سفارتکاری کی شاندار کامیابی قرار دیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی نے حال ہی میں روانڈا میں منعقدہ آئی پی یو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں گلوبل کلائمیٹ فنڈ کے قیام کی قرارداد پیش کی تھی۔انہوں نے کہا کہ آئی پی یو کی جنرل اسمبلی اجلاس میں پیش کردہ قرارداد کا عنوان موسمیاتی تبدیلی سے وابستہ نقصانات سے نمٹنے کے لیے موسمیاتی خطرات سے دوچار ممالک کے لیے ایک عالمی فنڈ کے قیام کی سہولت کی تشکیل تھی۔ راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پارلیمانی وفد نے کینیڈا میں ہونے والی حالیہ 65 ویں دولت مشترکہ کی پارلیمانی کانفرنس میں شرکت کے دوران پاکستان کا مقدمہ بھرپور انداز میں پیش کیا تھا۔پرویز اشرف کی رواں سال قومی اسمبلی کے زیر اہتمام منعقدہ پائیدار ترقی کے اہداف پر ایشیا پیسیفک ریجن کی پارلیمانوں کے لیے تیسرے آئی پی یو ریجنل سیمینار کے موقع پر ایشیا پیسیفک کی پارلیمانوں کو پاکستان میں ہونے والی تباہی کے بارے میں بھرپور انداز میں آگاہ کیا تھا اور پاکستان میں سیلاب متاثرین کے حالت زار کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔سپیکرپرویز اشرف نے منگل کو سپیکر ہاؤس میں اقلیتی برادری کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان اتحاد رواداری ،بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مزید فروغ دے گا۔ انہوں نے ملک کی مجموعی ترقی بالخصوص تعلیم، صحت، سماجی بہبود اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ میں مسیحی برادری کی قابل ستائش خدمات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں ہمارے پڑوسی ملک کے مقابلے میںکافی مطمئن ہیں۔