لاہور میں اورنج لائن ٹرین کے علی ٹاؤن اسٹیشن سے ڈرون طیارہ ٹکرا گیا۔
لاہور پولیس کے مطابق تعین کیا جا رہا ہے کہ ریموٹ کنٹرول ڈرون طیارہ اورنج ٹرین واشنگ ایریا تک کس سمت سے آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ ڈرون طیارے سے کسی قسم کا بارودی مواد نہیں ملا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈرون طیارہ علی ٹاؤن ٹرمینل 2 کے واشنگ پوائنٹ پر گرا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈرون طیارے کے پروں کی لمبائی 13 فٹ ہے، جبکہ ڈرون کی لمبائی 6 فٹ 4 انچ ہے۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ بم ڈسپوزل اور دیگر متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
لاہور پولیس کا کہنا ہے کہ اورنج ٹرین ٹرمینل میں ڈرون طیارہ گرنے کے واقعے کی تخریب کاری سمیت تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔
پولیس نے بتایا ہے کہ حساس اداروں نے ڈرون اپنی تحویل میں لے لیا ہے، سی ٹی ڈی فرانزک ٹیم نے ڈرون کے پرزوں کا معائنہ شروع کر دیا ہے۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈرون کے تمام پرزے الگ کر کے اس کی ساخت کا تعین بھی کیا جا رہا ہے۔