لاہور، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ادھر ادھر کی باتیں مت کرو، رسیدیں نکالو،گھڑی کس کو بیچی، نام بتاو؟ جبکہ وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ عمران خان نے دبئی میں گھڑی بیچی، انکی کرپشن، بے ضابطگیوں کا سلسلہ نیا نہیں، عمران خان کے دور میں ریکارڈ کرپشن کی گئی، عمران خان عدالت میں جا کر مقدمہ کریں، بڑی اچھی بات ہے، عدالت میں انکی بدیانتی ثابت ہو جائیگی.
سعودی عرب سے کسی بڑے عہدے پر فائزشخص کا پیغام آیا ہے، کیا ملنے والے تحائف کو ایسے بیچا جاتا ہے،گھڑی بیچنے والے معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نائب صدر ن لیگ مریم نواز نے عمران خان کی توشہ خانہ چوری کے نئے حقائق سامنے آنے پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں کو چور کہنے والا پاکستان کا سب سے بڑا چور نکلا۔ توبہ!۔مریم نواز نے کہا کہ ادھر ادھر کی باتیں مت کرو، رسیدیں نکالو،گھڑی کس کو بیچی، نام بتاو؟ پیسہ پاکستان کیسے منگوایا، وہ بتاؤ۔ادھر وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئےکہا ہے کہ عمران خان توشہ خانہ میں سامنے آنے والی کرپشن پر چاہتے ہیں یہ معاملہ دب جائے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سائفر پر بیرونی سازش کا الزام لگایا اب اس الزام سے پیچھے ہٹ گئے، ملک کے معاشی حالات اتنے اچھے نہیں ہیں، ایسے بیانات سے بیرونی حالات بھی متاثر ہوتے ہیں، اس شخص نے پوری کوشش کی کہ پاکستان دیوالیہ ہوجائے، عمران خان نے فوج کے اعلیٰ افسران کیخلاف بھی ہرزہ سرائی کی، تاحیات ایکسٹنشن کی بات بھی کرتا رہا، صدر مملکت کیساتھ ملاقات میں انکے آگے ہاتھ جوڑتا رہا اورمختلف آفربھی کرتا رہا۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے کیسز ختم کرائے، نوازشریف کو تاحیات نااہلی کی سزا دی گئی.
انہوں نے اپنے فائدے کیلئے توشہ خانہ کے قانون کوتبدیل کیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ چاہتے ہیں جو پیمانہ نوازشریف کے لئے ہو وہی عمران خان کیلئے بھی استعمال ہونا چاہیے، ان پرقاتلانہ حملہ پنجاب میں ہوا، صوبے میں مقدمہ درج ہونا چاہیے۔