• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتجاج کا حق لامحدود نہیں، لانگ مارچ معاملے پر مداخلت ابھی قبل از وقت، آئینی خلاف ورزی کا خطرہ ہوا تو دخل دینگے، چیف جسٹس سپریم کورٹ

اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے لانگ مارچ کے خلاف سینیٹر کامران مرتضی کی درخواست غیر موثر ہونے پر نمٹا دی اور حکم دیا کہ اگر حالات خراب ہوئے تو نئی درخواست دائر کی جا سکتی ہے.

 چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ بظاہر لانگ مارچ کے معاملے میں عدالت کی مداخلت قبل از وقت ہو گی، اگر آئینی خلاف ورزی کا خطرہ ہو تو عدلیہ مداخلت کرے گی، احتجاج کا حق لامحدود نہیں، آئینی حدود سے مشروط ہے، اگر صوبے اور وفاق کا رابطہ منقطع ہوجائے تو کیا عدالت مداخلت کر سکتی ہے؟۔

سپریم کورٹ کی جانب سے دورانِ سماعت استفسار کیا گیا کہ کیا عمران خان کے لانگ مارچ کے لئے جگہ کا تعین کیا گیا ہے؟ اس بارے میں انتظامیہ سے پوچھ کر عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ کیا انتظامیہ لانگ مارچ کنٹرول نہیں کرسکتی؟،

سپریم کورٹ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو آدھے گھنٹے میں انتظامیہ سے پوچھ کر بتانے کا حکم دیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل3 رکنی بنچ نے لانگ مارچ کے خلاف کامران مرتضیٰ کی درخواست کی سماعت کی۔

جے یو آئی کے سینیٹر و ایڈووکیٹ کامران مرتضیٰ نے عدالت کو بتایا کہ 2 ہفتے سے عمران خان کا لانگ مارچ جاری ہے۔ فواد چوہدری کے مطابق جمعہ یا ہفتہ کو لانگ مارچ اسلام آباد پہنچے گا جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوسکتے ہیں، لانگ مارچ پی ٹی آئی کا حق ہے لیکن اس سے عام آدمی کے حقوق متاثر نہیں ہونے چاہئیں۔

جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ کیا حکومت نے احتجاج کو ریگولیٹ کرنے کا کوئی طریقہ کار بنایا ہے؟۔ جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ انتظامیہ اتنی کمزور ہوگئی ہے کہ لانگ مارچ کنٹرول نہیں کرسکتی؟ یہ ایگزیکٹیو کا معاملہ ہے، ان سے ہی رجوع کریں، غیرمعمولی حالات میں ہی عدلیہ مداخلت کرسکتی ہے، جب انتظامیہ کے پاس صورتِ حال کنٹرول کرنے کے وسیع اختیارات ہیں تو عدالت مداخلت کیوں کرے؟۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ بات اب بہت آگے جاچکی ہے، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر فائرنگ سے ایک شخص کی جان گئی۔ جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ تو کافی دنوں سے چل رہا ہے، کیا آپ نے انتظامیہ سے رجوع کیا ہے؟ لانگ مارچ کے معاملے میں جلدی کیا ہے اور انتظامیہ کی غفلت کیا ہے؟۔

 چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ آپ نے درخواست میں ماضی کی خلاف ورزیوں کا ذکر کیا ہے، لانگ مارچ سیاسی مسئلہ ہے جس کا سیاسی حل ہوسکتا ہے، اس قسم کے مسائل میں مداخلت سے عدالت کے لئے عجیب صورتِ حال پیدا ہوجاتی ہے، آپ نے درخواست میں ایک آڈیو کا ذکر کیا ہے، اس آڈیو میں ہتھیار لانے کا ذکر ہے.

 آڈیو سچ ہے یا غلط لیکن اس سے امن و امان کی صورتِ حال خراب ہوسکتی ہے، کیا25 مئی کے لانگ مارچ کے لوگوں کے پاس اسلحہ تھا؟ احتجاج کا حق لامحدود نہیں، آئینی حدود سے مشروط ہے، آپ کہہ رہے ہیں کہ لانگ مارچ ابھی پنجاب کی حدود میں ہے۔

اہم خبریں سے مزید