اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ، ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف‘ ان کی اہلیہ اور کابینہ اراکین کو ملنے والے تحائف کی اصل مالیت ظاہر نہ کرنے پر نیب نے نوٹس لے لیا۔
قومی احتساب بیورونے توشہ خانہ کیس میں کارروائی کا عندیہ دے دیا۔ نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ نیب توشہ خانہ کیس میں تمام مرکزی کرداروں کے خلاف کارروائی کرےگا ۔
ذرائع نے بتایا کہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور فرح گوگی کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ شہزاداکبر‘زلفی بخاری اور دیگر کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم، ان کی اہلیہ اور کابینہ کے اراکین کو ملنے والے تحائف کی ابتدائی معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیںجبکہ توشہ خانہ سیکشن سے تمام ریکارڈ حاصل کیا جاچکا ہے۔
عمران خان اور ان کی اہلیہ کو ملنے والے تحائف کی اصل مالیت اور فروخت میں فرق نظر آرہا ہے، تحائف کے حوالے سے معلومات اکٹھی کرنے کے بعد سرکاری حکام کو تفتیش کے لیے بلایا جائے گا۔
این این آئی کے مطابق نیب ذرائع نے بتایا کہ گھڑی اور دیگر تحائف خریدنے کے دعویدار عمر فاروق ظہورکو بھی بیان قلمبند کرنے بلایا جائے گا، گھڑی کی مارکیٹ ویلیو اور خزانے میں جمع رقم کا بھی موازنہ کیا جائے گا۔