اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا وفد کل پیر کے روز ملاقات کریگا۔ وفد کی قیادت پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب کے چیئرمین چوہدری محمد ذکاء اشرف کرینگے۔ ملاقات میں ایسوسی ایشن کے دوسرے عہدیداران بھی موجود ہونگے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف عوام کو مناسب ریٹ پر چینی کی آئندہ سال بھی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے اس وفد کے مسائل سنیں گے اور انکے جائز مسائل کو اولین ترجیح کے طور پر حل کرینگے اور کرائیں گے۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کا یہ اعلیٰ سطحی وفد وزیراعظم کو باور کرائے گا کہ حکومت پنجاب نے نیا کرشنگ سیزن شروع کرنے کیلئے 25نومبر کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ وفد وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دلائے گا کہ شوگر ملیں کرشنگ سیزن شروع کرنے کو بالکل تیار ہیں مگر کم و بیش دس لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت ملنے کی منتظر ہیں۔ اس سے قومی خزانے میں ایک ارب ڈالر کا زرمبادلہ آئے گا۔ اسکے علاوہ وفد کے سربراہ وزیراعظم شہباز شریف کو شوگر انڈسٹری کے جملہ مسائل سے آگاہ کریںگے جن میں شوگر ملوں کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان جو کہ براہ راست وفاق کے دائرے میں آتا ہے کے ذریعے بینکوں سے ورکنگ کیپٹل کی فراہمی کی یقین دہانی حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔