دوحا +کراچی(جنگ نیوز/اسٹاف رپورٹر) فٹبال کی عالمی حکمرانی کیلئے جنگ کا آغاز ،تلواروں کے رقص میں رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ آغاز ہوگیا ہے۔30 منٹ کی تقریب میں قطری کلچر کا رنگ نمایاں نظر آیا۔ قطر کو میگا ایونٹ کی میزبانی دیے جانے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا جبکہ تیاریوں کے دوران بھی اس پر نکتہ چینی جاری رہی لیکن منتظمین نے کسی بات پر کان نہ دھرے اور اپنے کام کردکھایا۔ اتوار کودوحا کے البیت اسٹیڈیم میں امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے شائقین کو خوش آمدید کہا ۔ تقریب میں روایتی عربی نغموں پر رقص بھی کیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں جنوبی کوریا کے مشہور میوزک بینڈ بی ٹی ایس کے گلوکار جونگ کوک نے پرفارم کر کے سماں باندھ دیا دیگر مختلف فنکاروں کی پرفارمنس سے اسٹیڈیم میں موجود شائقین محظوظ ہوئے۔ فرانس کے 1998 ورلڈکپ ونر ٹیم کے رکن مارسے ڈیسیلے نے فیفا ٹرافی کی رونمائی کی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان بھی افتتاحی تقریب میں شریک ہوئے۔ ان کے علاوہ یو اے ای کے نائب صدر، دبئی کے امیر شیخ محمد بن راشد المکتوم، ترکیہ کے صدر اردوان اور ان کی اہلیہ ، مصری صدر عبدالفتح السیسی ،صدر فیفا جیانی انفن ٹینوبھی تقریب میں شریک ہوئے۔ شیخ تمیم بن حمدالثانی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فٹبال ورلڈکپ ایونٹ نے آج تمام قومیتوں، عقیدوں کو ایک جگہ جمع کردیا۔ افتتاحی تقریب کے باقاعدہ آغاز سے قبل ایک ویڈیو میں سمندر کے اندر، وہیل اور شارک مچھلیوں کو تیرتے دکھایا گیا، تقریب کے آغاز پر اُونٹ کے ساتھ فنکاروں نے رقص کیا۔ ہالی ووڈ کے مشہور اداکار مورگن فری مین کی انٹری ہوئی جنہوں نے قطری یوٹیوبر سے ورلڈکپ کے آغاز کے حوالے سے گفتگو کی، جس کے بعد سیکڑوں فنکاروں نے تلواروں کے ساتھ رقص کیا اور ڈرم بجائے۔ ورلڈکپ میں شریک ٹیموں کے جھنڈوں کے ساتھ بھی فنکاروں نے پرفارمنس پیش کی، پھر ورلڈکپ فٹبال کا آفیشل میسکوٹ میدان میں لایا گیا۔ جنوبی کوریا کے مشہور زمانہ میوزک بینڈ بی ٹی ایس کے گائیک جونگ کوک نے قطر کے معروف فنکار فہد الخوبیسی کے ہمراہ ورلڈکپ کے آفیشل گانےپر فارم کیا ۔ جس کے بعد ورلڈکپ فٹ بال کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا گیا اور پھر آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا اور یوں مختصر مگر پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔خیال رہے کہ ورلڈکپ روایتی طور پر جون تا جولائی کھیلا جاتا ہے تاہم قطر کی شدید گرمی سے بچنے کیلئے اس بار ٹورنامنٹ کا انعقاد سرد موسم میں ہورہا ہے۔دریں اثنا کپتان اینر ویلینشیا کی عمدہ پرفارمنس کےباعث ایکواڈور نے فیفا ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان قطر کو 2-0 کی شکست دیدی۔فیفا ورلڈ کپ کے گزشتہ 21 ایڈیشن میں یہ پہلا موقع ہے جب میزبان ٹیم کو افتتاحی میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ویلنشیا نے دونوں گول اسکور کئے۔ میزبان ملک کی حیثیت سے ایونٹ میں شامل ہونے والی قطری ٹیم ہوم کراؤڈ اور ہوم گراؤنڈ فائدہ نہیں اٹھا سکی۔ پہلے ہاف میں دو گول کے خسارے میں جانے کے بعد قطری ٹیم نے دوسرے ہاف میں قدرے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔ گروپ اسٹیج کے اے گروپ میں میچ کے 16 ویں منٹ میں ایکواڈور کے کپتان کو ڈی میں روکنے پر قطری گول کیپر سعد الشہیب کو نہ صرف یلو کارڈکا سامنا کرنا پڑا بلکہ پینلٹی بھی دیدی گئی جس پر کپتان ویلیسیا نے گول کردیا۔ 31 ویں منٹ میں ایک بار پھر ویلینشیا نے ہیڈر کے ذریعے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول اسکور کیا۔