اسلام آباد(نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے پرویز مشرف حملہ کیس میں عمر قید کی سزاپانے والے ملزم رانا نوید کو رہا کرنے کا حکم دیدیا ہے،عدالت عظمی نے جیل حکام کو ہدایت کی کہ ملزم کی سزا میں قانون کے مطابق دی جانے والی معافیاں شامل کی جائیں،جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے سوموار کے روز ملزم کی رہائی کے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف وفاق اور پنجاب حکومت کی اپیل کو خارج کرتے ہوئے جیل حکام کو ہدایت کی کہ ملزم کی سزا میں قانون کے مطابق دی جانے والی معافیاں شامل کی جائیں،یاد رہے کہ ملزم رانا نوید کو 25دسمبر 2003کو پرویز مشرف پر ہونے والے خود کش حملہ کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا،فوجی عدالت نے ملزم کو عمر قید کی سزا سنائی تھی جبکہ اپیلیٹ فورم نے ملزم کی اپیل مسترد کرتے ہوئے عمر قید کو سزائے موت میں تبدیل کردیا تھا،لاہورہائیکورٹ اور سپریم کورٹ نے سزا کیخلاف ملزم کی اپیلیں مسترد کردی تھی تاہم سپریم کورٹ نے نظر ثانی اپیل منظور کر کے سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کر دیا تھا ،ملزم نے سزا مکمل ہونے کے بعد رہائی کیلئے ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی تھی اور ہائیکورٹ نے رٹ منظور کرتے ہوئے ملزم کی سزا میں مختلف اوقات میں ملنے والی معافیاں شامل کرنے کا حکم دیا تھا۔