کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو مزید کارروائی سے روک دیا۔چیف جسٹس احمد علی ایم شیخ نے ریمارکس دیئے کہ ہمارا حکم امتناع موجود ہے الیکشن کمیشن کو حتمی کارروائی سے روک رکھا ہے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف اسد عمر کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ توہین آمیز ریمارکس پر اسد عمر کو نوٹس جاری کیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں متعلقہ تمام کیسز ایک جگہ ٹرانسفر کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ نے 15 نومبر تک فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ اسد عمر کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن مسلسل تاخیری حربے استعمال کررہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے فرد جرم عائد کرنے کا عندیہ دیا ہے۔