اسلام آباد(خالد مصطفیٰ) ٹیکسٹائل انڈسٹری میں نقد رقم کے بحران کی وجہ 60 فیصد ٹیکسٹائل انڈسٹریز بند ہوچکے ہیں جبکہ باقی ماندہ بند ہونے کو ہیں یہ بات اپٹما کے پیٹرن انچیف ڈاکٹر گوہر اعجاز نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہی ہے، گوہر اعجاز کا کہنا ہے ٹیکسٹائل انڈسٹری کو زیرو ریٹیڈ انڈسٹری کے درجہ پر بحال کیا جائے۔ ’’ٹیکسٹائل سیکٹر بند ہورہا ہے‘‘ کے عنوان سے لکھے گئے خط میں تمام تفصیل درج ہے جس کی وجہ سے ٹیکسٹائل انڈسٹری بند ہورہی اور بے روزگاری بڑھ رہی ہے خط میں ایف بی آر کے پاس ریفنڈ ٹیکس کے حجم کو بھی بیان کیا ہے جو کہ 300 ارب روپئے ہے اس کے علاوہ روپئے کی قدر میں کمی کا بحران بھی ایک جزو ہے۔ اپٹما کو لکھے گئے خط میں ایس آر او 1125 کی بحالی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اپٹما نے سیلز ٹیکس ریفنڈ کرنے کے طریقہ کار کو بھی ناقص قرار دیا ہے۔ ریفنڈ کے نظام کے کئی طریقوں کو ناقص قرار دیتے ہوئے اسے فوری طور پر ٹھیک کرنے کا کہا گیا ہے۔