• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے لیس کرنیکی ضرورت ہے، احسن اقبال

اسلام آباد(کامرس رپور ٹر )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی اور معاشی استحکام کیلئے ترقی لازمی ہے، نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، انہیں تعمیری سانچے میں ڈھالنے کی ضرورت ہے، سابق حکومت کے الزامات کے باعث بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتمادخراب ہوا مگر اتحادی حکومت نے اس اعتماد کو بحال کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ینگ ڈویلپمنٹ فیلوشپ پروگرام کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وفاقی وزیر نے کہا کہ نوجوانوں کو مستقبل کی ذمہ داریوں کے حوالے سے مہارتوں سے لیس کرنے کی اشد ضرورت ہے جو اس ملک کو اس مقام پر پہنچا سکیں جس کا وہ حق دار ہے، نوجوان نسل کو امن و استحکام کا ماحول فراہم کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان میں بہترین پالیسیاں بنائی گئیں مگر ان کو استحکام کے ساتھ چلنے نہ دیا گیا ، نوجوانوں کے سامنے چیلنج ہے کہ انہیں کس طرح اگلے 25 سال ملک کو کس راستے پر چلانا ہے، کسی بھی ملک کی ترقی میں یگانگت، رواداری اور برداشت کی ضرورت ہوتی ہے، ایک ملک جس کے پاس ایٹمی طاقت ہو وہ کبھی غلام ملک نہیں ہو سکتا، ایسا کہنا نوجوانوں کے لئے اقبال کی تصور یقین سے انحراف کرنا ہے، نوجوانوں کو تربیت دینے کی ضرورت ہے، اسی طرح وہ اس ملک کی تاریخ کو بدل سکتے ہیں،احسن اقبال نے کہا کہ اس ملک میں اختلاف کریں مگر اس کو نفرت کی بنیاد نہ بنائیں، ملک میں اپنی رائے رکھیں مگر اپنی رائے رکھنے والے کو غدار نہ سمجھیں ۔
اسلام آباد سے مزید