ملتان(سٹاف رپورٹر)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی صحت دشمن عناصر کیخلاف بڑی کارروائی، ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ کی زیرنگرانی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملتان اور وہاڑی میں مربہ جات اینڈ اچار یونٹس اور ڈرنک کارنر پر چھاپے مارے، اس دوران85 کلو غیر معیاری اچار، 35 کلو بدبودار مربہ جات اور 220 ساشے ممنوعہ گٹکا تلف کر دیے گئے،متعدد فوڈ بزنس مالکان کو خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائدکیے گئے،تفصیلات کیمطابق بستی علی والا ملتان میں سپر مثالی اچار یونٹ کو گلی سڑی مرچوں سے اچار کی تیاری پر 25 ہزار روپے جرمانہ ، اسی طرح ممنوعہ گٹکا بیچنے پر فاروق پورہ ملتان میں مرشد ڈرنک کارنر کو 15 ہزار روپے ، مربہ جات کی تیاری میں کھلے رنگ کی ملاوٹ، کیمیکل ڈرموں میں سٹوریج پر اڈہ 20 پل وہاڑی میں مربہ اشرفی کو 20 ہزار جرمانہ کیا گیا۔ مربہ اور اچار میں مردہ حشرات اور بدبو پائی گئی۔ خام اشیاء اور خوراک کو کیمیکل ڈرموں میں سٹور کیا جارہا تھا۔ کارروائیوں کے دوران مضر صحت خوراک اور گٹکا تلف کردیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک کا کہنا تھا کہ خوراک کی تیاری کے دوران فوڈ اتھارٹی قوانین کو ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ غفلت برتنے والے انسانی صحت کے دشمن، سخت ایکشن لیا جائے گا۔