• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انسداد پولیو مہم کل سے شروع، 63 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پنجاب کے 9 اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کل28نومبر سے ہوگا۔ پولیو کے خاتمے کی خصوصی مہم کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 63لاکھ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ہائی رسک اضلاع لاہور، فیصل آباد اور راولپنڈی میں انسداد پولیو مہم سات روز جبکہ دیگرچھ اضلاع سیالکوٹ، ڈی جی خان، ملتان، میانوالی، بہاولپور اور راجن پور میں پانچ روز جاری رہے گی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک اور چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں اجلاس میں انسداد پولیو مہم اور صوبہ میں ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں سو فیصد کوریج کو یقینی بنایا جائے اورمسڈ چلڈرن کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے سے متعلق مستند ڈیٹا پر مشتمل رپورٹ بھجوائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اگلے دس روز ڈینگی کی ان ڈور سرویلنس اور سپرے کی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔ صوبائی وزیر نے ملتان میں ڈینگی کیسز میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ چیف سیکرٹری عبداللہ خان سنبل نے کہا کہ پولیو اور ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں کا تسلسل ضروری ہے ۔ڈاکٹر اختر ملک اور سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے بچوں کو ویکسیئن کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح بھی کیا۔ سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا کہ رواں سال ڈینگی کے 18ہزارچار سو 22کنفرم کیسز اور 45اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
لاہور سے مزید