پوٹھی مکوالاں (خصوصی نمائندہ ) وزیر اعظم آزادکشمیر تنویر الیاس چغتائی نے کہا ہے کہ 31سال بعد بلدیاتی انتخابات کروا کر میں نے بنارسی ٹھگوں اور روایتی سیاست کے کھڑ پینچوں کی سیاست دفن کر دی ہے، اب عام سیاسی کارکن تک اقتدار میں شامل ہو گا ، پاکستان سے ہمارے تعلقات خراب کرنے کی سازش کرنے والے ناکام ہونگے،مظفرآباد کے بعد پونچھ اور میر پور کے علاقوں میں لوگ بھر پور طریقہ سے الیکشن میں حصہ لیں گے میرا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آ ئی کلین سویپ کرے گی، عوام سے خطاب کرتے ہوئے ممبر اسمبلی حسن ابراہیم خان کی بلدیاتی الیکشن پر تنقید کے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ مانگے تانگے کی سیٹ والے کو معلوم ہونا چاہیے کہ بلدیاتی الیکشن میری انا پر نہیں بلکہ عوامی مطالبے پر ہو رہے ہیں۔میرے خلاف عدم اعتماد کی باتیں کرنے والے اسمبلی میں عد م اعتماد لے آئیں پھر میں دیکھتا ہوں کہ اسمبلی کیسے چلتی ہے۔