• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناانصافی پر سواتی کا غصہ جائز، سبکو آواز اٹھانا ہوگی، عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاکہ ناانصافی پراعظم سواتی کا غصہ جائز، سب کو آواز اٹھانا ہوگی

سینیٹرزکی اپیلوں کے باوجود عدلیہ کے دروازے بند رہے،پارٹی رہنماشاہ محمود قریشی نےکہاکہ بنیادی حقوق کے مطالبے پر یہ سلوک کیا جائیگا ؟فواد چوہدری نے کہاکہ تشددسے خوفزدہ کرنے کی توقع نہ کریں،شیریں مزاری،اسد عمر،فرخ حبیب نے کہاکہ کیا خود پر بیتے واقعات بیان کرنا جرم ہے؟

 پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینیٹر اعظم سواتی کی دوبارہ گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتےہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ حیران ہوں ہم کتنی تیزی سے فاشسٹ ریاست کی جانب بڑھ رہے ہیں ، ناانصافی پر اعظم سواتی کا غصہ اور مایوسی جائز ہے ، اس ریاستی فاشزم کے خلاف سب کو آواز اٹھانی ہو گی۔

 اداروں کے خلاف متنازع بیانات پر سینیٹر اعظم سواتی کی دوبارہ گرفتاری پر ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ بنانا ری پبلک ہی نہیں جس تیزی سے ہم ایک فسطائی ریاست بن رہے ہیں اس پر مجھے نہایت حیرت اور تکلیف ہے۔ کیسے کوئی اس کرب و آزار کے احساس سے عاری رہ سکتا ہے جس سے سینیٹر سواتی زیر حراست تشدد اور بلیک میلنگ کی غرض سے اپنے اہل خانہ کو بھجوائی جانیوالی اپنی اور اپنی قدامت پسند اہلیہ کی ویڈیو کے بعد گزرے۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے استفسار کیا کہ کیا بنیادی جمہوری حقوق کا مطالبہ کرنے والے پاکستانی شہریوں کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائیگا؟ کیا حراستی تشدد، بلیک میلنگ اور ان کا وقار مجروح کرنا اس فاشسٹ حکومت کیلئے کافی نہیں تھا؟

مرکزی سینئر نائب صدرفواد چوہدری نے کہا کہ اعظم سواتی کی تنقید سے اتنا خوف کہ انہیں پھر گرفتار کر کیا گیا ، اگر آپ لوگوں کو غیر قانونی طور پر اغوا کریں گے ، ان پر تشدد کریں گے ، ان کی خواتین کی ویڈیوز بنائیں گے تو ان سے آپ خوفزدہ ہونے کی توقع کرتے ہونگے ۔ سینئر پارٹی رہنما ڈاکٹرشیریں مزاری نے کہا کہ سینیٹر اعظم سواتی نے آزادی مارچ سے خطاب میں بتایا کہ ان کے اور ان کے خاندان کے ساتھ کیا ہوا ہے۔

اہم خبریں سے مزید