اسلام آباد(اے پی پی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے الوداعی ملاقات کی۔
صدر مملکت نے جنرل قمر جاوید باجوہ کی دفاعی شعبے میں خدمات کو سراہا۔ انہوں نے جنرل قمر جاوید باجو ہ کی ملک اور پاک فوج کیلئے خدمات کی بھی تعریف کی۔
دریں اثناءوزیراعظم محمد شہباز شریف سے جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیر کو یہاں الوداعی ملاقات کی۔وزیراعظم نے جیواکنامکس کی اہمیت کے حوالے سے جنرل قمر جاوید باجوہ کے کردار کو سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے پاکستان کا نام نکلوانے، کورونا وبا اور سیلاب سمیت مختلف بحرانوں میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے مثالی خدمات انجام دی ہیں‘دفاع پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کلیدی کردار ادا کیا‘ دہشت گردی کے عفریت کو کچلنے کے لئے جنرل قمر جاوید باجوہ کی قیادت میں پاک فوج نے بڑی شجاعت و بہادری سے کردار ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ پیچیدہ علاقائی صورتحال میں جنرل قمر جاوید باجوہ کے قائدانہ کردار سے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سمت کا تعین ہوا۔