کوئٹہ (نمائندہ جنگ) سی ٹی ڈی نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا تے ہوئے سریاب روڈ پر کالعدم تنظیم کے ایک دہشت گرد کو ہلاک اور اس کے ساتھی کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے گاڑی سے 80 دستی بم اور اسلحہ قبضے میں لے لیا، کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی، اسلحہ افغانستان سے آیا تھا، ۔ ذرائع کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم بی ایل اے نے کوئٹہ میں دہشت گردی کا منصوبہ بنایا ہے اس مقصد کیلئے تنظیم کے دو دہشت گرد نظام الدین اور اسلان شاہ افغانستان سے تنظیم کے اہم کمانڈر فاروق کی جانب سے بھیجے گئے دستی بم اور اسلحہ ایک گاڑی میں لے کر سریاب روڈ کی جانب جا رہے ہیں ۔ جس پر سی ٹی ڈی ٹیم نے پیر کی صبح سریاب روڈ برما ہوٹل کے قریب ناکہ بندی کر کے گاڑیوں کی چیکنگ شروع کر دی۔ جب انہوں نے ایک سوزوکی ہائی روف کو رکنے کا اشارہ کیا تو ڈرائیور نے گاڑی سی ٹی ڈی اہلکاروں پر چڑھاتے ہوئے فائرنگ کر کے فرار ہونے کی کوشش کی۔ ٹیم کی جوابی فائرنگ میں گاڑی میں سوار کالعدم تنظیم کا اہم کارندہ نظام الدین موقع پر ہلاک جبکہ ساتھی ارسلان شاہ زخمی ہو گیا ۔جسے گرفتار کر کے گاڑی سے 80دستی بم جسمیں 37 امریکی و 43روسی میڈ دستی بم 9ایم ایم کے دو پستول اور راؤنڈز برآمد کر کے قبضے میں لے لئے۔ ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا دہشت گرد کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی ٗ بم دھماکوں ٗ ٹارگٹ کلنگ سمیت کئی سنگین واقعات میں ملوث تھا ۔