اسلام آباد( تنویر ہاشمی ) ایف بی آر نے کلکٹر کسٹم گلگت بلتستان کی جانب سے لگائے گئے کرپشن کے سنگین الزامات پر انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے،کلکٹر کسٹم گلگت بلتستان نثار احمد نے ممبر کسٹم آپریشن کے نام اپنے خط میں پرنسپل آپریزر راجہ وسیم پر بڑے پیمانے پرٹیکس چوری، منشیات کی سمگلنگ سمیت منظم جرائم میں ملوث کے الزامات عائد کیے ہیں اور کہا کہ پرنسپل آپریزر کومبینہ طور پر ڈی جی کسٹم انٹیلی و جنس انوسٹی گیشن کی پشت پناہی حاصل ہے، ممبرکسٹم آپریشن مکرم جاہ انصار ی نے نمائندہ جنگ کو بتایا کہ بورڈ نے اس معاملے کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور تمام معاملےکے حقائق کو سامنے لانے کےلیے انکوائری کی جائے گی ، انہوں نے بتایا کہ کلکٹر جی بی کی جانب سے ان کے دفتر کو ابھی تک باضابطہ کوئی خط نہیں ملا تاہم انہیں خط کی الیکٹرانک نقل میڈیا کےذریعے ملی ہے، خط میں لگائے گئے الزامات ثابت کرنے کےلیے ناکافی ہیں اور کوئی ثبوت فراہم نہیں کیے گئے ہیں، تاہم معاملے کی مکمل انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا گیاہے اس حوالے سے ڈی جی کسٹم انٹلی جنس و انوسٹی گیشن فیض احمد نے نمائندہ جنگ کے رابطہ کرنے پر بتایا کہ الزامات صرف ان پر ہی نہیں بلکہ ایف بی آر کے دوسرے افسران پر بھی لگائے گئے ہیں لیکن کسی چیز کے ثبوت نہیں ہیں اس طرح تو کسی کو بھی ملوث کیاجاسکتا ہے اگر ایف بی آر انکوائری کرے گا تو واضح ہو جائے گا کہ الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے ،کلکٹرکسٹم گلگت بلتستان نثار احمد نے خط کےذریعے ایف بی آر ہیڈکوارٹر کو بتایا کہ 11ستمبر 2022کو میری تعیناتی کے بعد سوست ڈرائی پورٹ پر غیر معمولی بے ضابطگیوں کا معلوم ہواکہ فی کنٹینرسے وصول کی جانیوالی ڈیوٹی حیران کن طور پر کم تھی جو صرف 28لاکھ روپے تھی جبکہ اس ڈرائی پورٹ پر فیبرک کے 30ٹن کے کنٹینرز کارگو لے کر جاتے ہیں اور موبائل فون کے پرزہ جات ، کاسمیٹکس ، ٹائر کی تجارت بھی ہوتی ہے جبکہ پرنسپل آپریرز راجہ وسیم 2019سے تاجروں کے ساتھ ملی بھگت سے ٹیکس اورڈیوٹی چوری میں ملوث ہے،اس کو 17ستمبر کو ڈیوٹی سے ہٹا کر فیکٹ فائنڈ نگ انکوائری کی گئی جس میں بدانتظامی ، نااہلی اور بدعنوانی کے سنگین الزامات کی تصدیق ہوگئی اور اسے چارج شیٹ کر کے ممبرایڈمن کوسفارش کی گئ کہ اسے معطل کیا جائے ، جب پرنسپل آپریزر کو عہدے سے ہٹایا گیا تو اس کے بعد فی جی ڈی ریونیو میں 123فیصد سے زائد اضافہ ہوا،جنگ کو دستیاب دستاویزات کے مطابق 6اکتوبر 2022کو ایڈیشنل کلکٹر کسٹم گلگت بلتستان کے دفترنے انٹرنل فیکٹ فائنڈنگ انکوائری کی اور پرنسپل آپریزر کے خلاف ویڈیو ثبوت بھی پیش کیے گئے اور سفارش کی کہ مذکورہ آپریزر کو معطل کیاجائے اور تادیبی کارروئی عمل میں لائی جائے ، ایف بی آر نے کلکٹر کسٹم گلگت بلتستان کے خط پر معاملے کی مکمل انکوائری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔