راولپنڈی (این این آئی) نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے 17 ویں سپہ سالار کی کمان سنبھال لی‘ سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان جنرل عاصم منیر کے حوالے کی‘جنرل باجوہ نے گارڈآنر کا معائنہ بھی کیا ۔
منگل کو پاک فوج میں کمان کی تبدیلی کی پر وقار تقریب راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) سے متصل ہاکی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔تقریب میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، مسلح افواج کے سربراہان‘سینئرحاضرسروس اور ریٹائرڈ فوجی افسرز ‘ ان کے اہلخانہ اورغیرملکی سفیروں کے علاوہ وفاقی وزراءرانا ثناءاللہ ‘ بلاول بھٹو ‘اسحاق ڈار‘مریم اورنگزیب او روفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی ۔
تقریب کے شروع میں پاک فوج کے سبکدوش ہونے والے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے پہلے یادگار شہداء پر حاضری دی جہاں انہوں نے یادگار شہدا پر پھول چڑھائے اور شہدا کے بلند درجات کیلئے دعا کی، اس کے بعد پاک فوج کے بینڈز نے قومی ترانے اور ملی نغموں کی دھنیں پیش کیں اور قومی پرچم کو سلامی دی گئی۔تقریب کے مہمان خصوصی جنرل قمر جاوید باجوہ کی جنرل عاصم منیر کے ہمراہ پنڈال آمد پر گارڈز نے انہیں سلامی دی جس کے بعد تلاوت کلامِ پاک سے تقریب کا آغاز کیا گیا جس کے بعد جنرل قمر جاوید باجوہ کو الوداعی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی کمان کی علامت سمجھی جانے والی ملاکا چھڑی اعزازی شمشیر یافتہ جنرل سید عاصم منیرکے حوالے کی اور انہیں گلے لگاکر مبارکباد دی۔فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد جنرل عاصم منیر پاک فوج کے 17 ویں سربراہ بن گئے ہیں۔