اسلام آباد( محمدصالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار)ملک کے17ویں آرمی چیف کی حیثیتسنبھالنے کیلئے چھڑی جنرل سید عاصم منیر کوحوالگی کی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی سے متصل ہاکی گراؤنڈ میں منگل کے روز منعقد ہوئی تو جشن کا سماں بن گیا ۔اس دوران فوج کے نئے سربراہ نے تقریب کے شرکاء سے مصافحے اور معانقے کرتے ہوئے لائق تحسین عجزوانکسار کا اظہارکیا۔جنرل باجوہ جب رخصت ہوئے تو ان کی کار سے فوجی سربراہ کا جھنڈا اُتار لیاگیا۔ فوج کے نئے سربراہ سے جنگ / دی نیوز نے استفسار کیا کہ وہ ملکی معیشت کے بارے میں کچھ کہیں گے تو انہوں نے مسکرا کرکہا کہ ابھی نہیں، اس کے بعد ذرائع ابلاغ کے چند نمائندوں نے انہیں مبارکباد دی اور دریافت کیا کہ وہ کوئی بات کرنا پسند کریں گے تو ان کے معاون عملے نے اس سے منع کردیا۔