• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی، انگلش ٹیم کے بیشتر کھلاڑی بدہضمی، وائرل انفیکشن کا شکار، ٹیسٹ غیر یقینی صورتحال سے دوچار

راولپنڈی(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی) انگلش کرکٹ ٹیم کے نصف درجن کھلاڑیوں کے وائرل انفیکشن اور بدہضمی میں مبتلا ہونے کے بعد پنڈی ٹیسٹ بدستور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہوگیا ہے میچ شروع کرنے کا حتمی فیصلہ ٹاس سے دو گھنٹے قبل کیا جائے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلش بورڈ سے طویل مشاورت کے بعد بدھ کی شب اعلان کیا کہ میچ شروع ہونے کا فیصلہ جمعرات کی صبح ساڑھے سات بجے ڈاکٹروں کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا اگر انگلینڈ کے کھلاڑی فٹ نہ ہوسکے تو میچ جمعرات کے بجائے جمعے سے شروع کیا جاسکتا ہے لیکن میچ پانچ روزہ ہی ہوگا اور بقیہ دونوں ٹیسٹ ملتان اور کراچی میں شیڈول کے مطابق ہوں گے چار روزہ میچ کے آپشن کو مسترد کردیا گیا ہے۔پاکستانی ٹیم کو صبح آٹھ بجے ہوٹل سے گراونڈ روانگی کے لئے تیار ہونے کا کہہ دیا گیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ ٹکٹ خریدنے والوں کو بھی جمعرات کی صبح آگاہ کردیا جائے گا۔پی سی بی ترجمان کے مطابق میچ کا آغاز کھلاڑیوں کی فٹنس سے مشروط ہے اگر جمعرات کی صبح تک انگلش کھلاڑی صحت یاب نہ ہوسکے تو میچ ایک دن کی تاخیر سے جمعے کوشروع ہوگا۔پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ سے قبل انگلش کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی ہےاور انہیں الیون کی تشکیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔اس وقت انگلینڈ کے16کھلاڑی اسلام آباد میں ہیں فاسٹ بولر مارک ووڈ پہلے ہی ان فٹ ہونے کی وجہ سے میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔انگلش بورڈ کا کہنا ہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کے 14کھلاڑیوں اور آفیشل کی طبیعیت وائرل انفکشن کی وجہ خراب ہے،جس میں کپتان بین اسٹوکس،جیمز اینڈرسن ، بین فوکس، جیک لیچ، بین ڈکیٹ قابل ذکرہیں۔ وائرل اوربدہضمی کا شکار ہونے والوں میں انگلینڈ کے سات کھلاڑی بھی ہیں لیکن انگلش ٹیم انتظامیہ نے ان کے ناموں کو خفیہ رکھا ہوا ہے۔ ،بدھ کو پنڈی میں بین اسٹوکس کی عدم موجودگی کے باعث ٹرافی کی تقریب رونمائی ملتوی کردی گئی ہے۔ٹرافی کی تقریب رونمائی میچ سے قبل ہوگی ۔انگلش کرکٹ ٹیم کے کھانوں کی نگرانی کے لئے مراکش کے شیف بھی اسلام آباد میں ہیں لیکن وہ بھی وائرل انفکشن میں مبتلا ہیں۔ترجمان انگلش ٹیم کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے کئی کھلاڑی اور ٹیم انتظامیہ کی طبیعیت خراب ہے،برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کھلاڑی اور آفیشل زہر خورانی کا شکار ہوئے ہیں۔انگلش کرکٹ بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کھلاڑی وائرل کا شکار ہیں۔کئی کھلاڑی جن میں کپتان بین اسٹوکس بھی شامل ہیں ان کی طبیعت خراب ہے اس لئے انہوں نے ہوٹل میں رہنے کو ترجیح دی۔آپشنل پریکٹس سیشن کے لئے جو کھلاڑی گراونڈ آئے ان میں ہیری بروک،زیک کرالی،کیٹن جینگز،اولی پوپ اورجوروٹ بھی شامل تھے۔انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم 17سال بعد پاکستان میں ٹیسٹ کھیل رہی ہے۔

اہم خبریں سے مزید