• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا قائد اعظم کا یہ فرمان تھا، توشہ خانہ میں ڈاکے ڈالیں؟ مریم اورنگزیب

اسلام آباد(جنگ نیوز)وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے قائداعظم کا فرمان استعمال کرنے پر عمران خان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا ہے کہ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ توشہ خانہ میں ڈاکے ڈالیں؟ حرم پاک کے عکس والی گھڑی بیچیں؟، ہیروں کے ہار بیچ دیں؟۔ کیا قائد اعظم کا یہ فرمان تھا کہ آئینی اداروں کو آئین شکنی پر مجبور کرو؟، کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ آرمی چیف کو کمرے میں بٹھا کر تاحیات توسیع کی پیشکش کرو؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ اپنی سیاست اور اقتدار بچانے کیلئے سیاست میں اسلامی ٹچ دیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ فارن فنڈنگ کرو؟ زکوۃ خیرات کے پیسے سیاست کیلئے استعمال کرو؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ تین نہیں پانچ قیراط کی انگوٹھی لینی ہے؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ اپنے تحفظ کیلئے آنے والی طیبہ گل کو وزیراعظم ہاؤس کے کمرے میں بند کردو؟‘۔ انہوں نے مزید سوال دہراتے ہوئے کہا کہ ’کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو وزیراعظم ہاؤس کے باتھ روم میں بند کردو؟ کیا قائد اعظم نے ریاستی اداروں کو آئینی شکنی پر مجبور کرنے کا فرمان بھی دیا تھا۔ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے سیاسی مخالفین کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالیں، جھوٹے مقدمات بنائیں؟ کیا قائداعظم کا یہ فرمان تھا کہ سیاسی مخالفین کو غداری سے لنک کریں؟ مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان سیاست بچانے کیلئے قائداعظم کے فرمان کا استعمال نہ کریں، اعتماد کے فقدان کا مطلب کمرے میں آرمی چیف کو بٹھا کر تاحیات توسیع دینا ہے؟ ’مس ٹرسٹ‘ عمران خان کے دماغ میں ہے، وہ اقتدار کی کرسی سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید