اسلام آ باد ( نیو زرپورٹر) قومی اسمبلی کےاجلاس میں جی ڈی اے کی رکن اسمبلی سائرہ بانو نے جے یو آئی ف کے سر براہ مولانا فضل الرحمان کے خواتین کے بارے میں ریمارکس پر مبنی وائرل ہونے والے وڈیو کلپ کا معاملہ اٹھادیا۔ نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نہ جانے کون سے مولانا ہیں جو ایسی زبان استعمال کرتے ہیں جو بیان دیا گیا وہ انتہائی غیر مناسب ہے، ۔ڈارئنگ روم میں بات کرنا اور بات ہے عوامی اجتماع میں ایسی بات کی گئی ہے۔مفتی عبدالشکور نے کہا تحریک انصاف کا سوشل میڈیا ونگ مولانا فضل الرحمان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ جو شخص یہاں موجود نہیں اس کے بارے میں بات نہیں کی جاسکتی۔ مسلم لیگ ن کے شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ مولانا فضل ا لر حمن نے کبھی خواتین کے بارے میں قابل عتراض بات نہیں کی۔ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا ہے کہ افغان بارڈر پر کشیدگی کے حل کیلئے ایوان کی خصوصی کمیٹی کو فعال کیا جائے، بارڈر کراسنگ کے دوران لوگوں کو فائرنگ اور بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔