• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

235رنز دیکر چار وکٹ، اسپنر زاہد محمود کے نام منفی ریکارڈ درج

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے لیگ اسپنر زاہد محمود نے پنڈی ٹیسٹ میں 33 اوورز میں 235 رنز دے کر چار وکٹ لئے وہ پاکستان کی تاریخ میں ایک اننگز میں سب سے زیادہ رنز دینے والے بولر بن گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ میں نے بھرپور محنت کی اور سو فیصد دینے کی کوشش کی اگر دوسری اننگز میں بولنگ کا موقع ملا تو کوشش کروں گا کہ سوفیصد دوں اور اس وقت تک پچ میں اسپنرز کے لئے زیادہ مدد ہوگی۔ زاہد محمود پریس کانفرنس کے دوران سوالات کا مختصر جواب دیتے رہے۔ انہوں نے کہا پچ بیٹنگ کیلئے ساز گار ہے۔ خیال رہے کہ پنڈی کی وکٹ اسی سال آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بھی رنز کی بھرمار کی وجہ سے شہ سرخیوں میں رہی تھی جس پر مجموعی طور پر1187 رنز بنے تھے اور صرف 14 وکٹیں گری تھیں۔ آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے اسے اوسط درجے سے بھی کم قرار دیا تھا جس پر آئی سی سی نے پنڈی ا سٹیڈیم کے کھاتے میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ڈال دیا تھا۔ دیکھنا یہ ہے کہ پنڈی کی اس پچ پر رنز کا سیلاب کہاں جاکر ٹھہرتا ہے۔ اب تک دو دن کے کھیل میں پنڈی ٹیسٹ میں دس وکٹ گرے ہیں اور 838 رنز بنے ہیں۔