راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجاکا کہنا ہے کہ شائقین کرکٹ بھارت اور پاکستان کا مقابلہ دیکھنا چاہتے ہیں، پاک بھارت معاملے پر آئی سی سی سے مایوسی ہوئی۔ بھارت نے ایشیا کپ میں نہ آنے سے شروعات کی تو پاکستان کو جواب دینا ہوگا۔ہفتے کو غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے رمیز راجانے کہا کہ بھارت کا پاکستان کا دورہ نہ کرنا سیکیورٹی مسئلہ نہیں، ورلڈکپ 2023 نہ کھیلنے کا فیصلہ کرنے میں وقت ہے، سمجھ سکتا ہوں کہ بھارتی حکومت ٹیم کو پاکستان نہیں آنے دے گی۔ بھارت کے پاکستان نہ آنے پر پاکستان سے ایشیا کپ کی میزبانی لینا غلط ہوگا، آئی سی سی اور بڑے کرکٹ بورڈز کو پاک، بھارت کرکٹ کے معاملے پر سامنے آنا چاہیے۔رمیز راجا نے کہا کہ پاکستان بھارت کے بغیر 15 سال سے کرکٹ کھیل رہا اور اچھا کھیل رہا ہے، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو کہا کہ کسی سے نہ ڈریں، خود پر بھروسہ رکھیں۔ پاکستان اور بھارت کو سوچنا پڑے گا کہ آپس میں کھیلنا ہے یا نہیں، پاکستان بھارت کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے، بھارت کو سیاست کی مداخلت سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان نے ورلڈکپ 2023 میں بھارت جانے سے روکا تو میں کچھ نہیں کر سکتا، بھارت نے ایشیا کپ میں نہ آنے سے شروعات کی تو پاکستان کو جواب دینا ہوگا۔