کراچی (اسٹاف رپورٹر) پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ کے پہلے دن سرکاری ٹی وی کے محمد شہزاد نے صرف 49 گیندوں پر پاکستان کیلئے تیز ترین فرسٹ کلاس سنچری جڑدی۔ اس سے پہلے ریکارڈ مصباح الحق کی آسٹریلیا کے خلاف 56 گیندوں کی سنچری کا تھا ۔ ڈائمنڈ کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد میں کنگز مین اکیڈمی کے خلاف شہزاد نے 62 گیندوں پر 12 چوکوں اور آٹھ چھکوں کی مدد سے 114 رنز بنائے۔ انہوں نے محمد طحہٰ 43 کے ساتھ 143 رنز کی شراکت قائم کی۔ مصباح نے 2014 میں ابوظبی میں آسٹریلیا کے خلاف 56 گیندوں پر اس وقت تیز ترین ٹیسٹ سنچری کا ویوین رچرڈز کا ریکارڈ برابری کیا تھا، دو سال بعد برینڈن میک کولم نے آسٹریلیا کے خلاف 54 گیندوں پر سنچری اسکور کرکے یہ ریکارڈ توڑ دیا تھا۔