کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایشین گیمز میں پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی قیادت کرنے والے صاحبزادہ فرحان کو سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکواڈ متوازن اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے اور میڈل حاصل کرنے کیلئے پرامید ہیں۔ صرف بھارت سے میچ ہی توجہ کا مرکز نہیں ہوگا۔ تمام مقابلوں کو یکساں اہمیت دیں گے ۔ ٹیم جمعرات کی شب جاپان روانہ ہوگئی۔ اس سے قبل کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ کپتانی اعزاز کی بات ہے، کام مشکل ہے یا آسان یہ ٹورنامنٹ کے بعد پتہ چلے گا۔ تمام لڑکوں کو کہا ہے کہ ٹیم کیلئے کھیلو، گولڈ میڈل جیتنا ہدف ہے ۔ کوشش ہے سارے میچز جیتیں۔ کھلاڑی اچھی فارم میں نظر آ رہے ہیں۔ چار روزہ کیمپ میں بھرپور محنت کی ہے ۔ واضح رہے کہ 15 رکنی اسکواڈ میں شامل عاکف جاوید، علی رضا، معاذ صداقت اور سعد مسعود نے اب تک کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا ۔ صاحبزادہ فرحان کا کہنا ہے کہ منتخب ہونے والے کھلاڑی ناتجربہ کار نہیں، ان سب نے بین الاقوامی کرکٹ کھیلی ہے یا پھر ڈومیسٹک کرکٹ اور پی ایس ایل میں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کے بعد ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔ کھلاڑیوں پر مکمل اعتماد ہے۔ صائم ایوب، معاذ صداقت اور حسن نواز جیسے کھلاڑی امید کی کرن ہیں۔