• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ، پیپلز پارٹی سب سے آگے

باغ(جنگ نیوز) آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کی ووٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا جس میں پیپلز پارٹی سب سے آگے ہے، راولا کوٹ، باغ، پلندری اور حویلی میں ووٹنگ کا مرحلہ پر امن طور پر مکمل ہوا، 787 نشستوں پر تین ہزار 859 امیدوار ں میں مقابلہ ہوا ۔ ہفتے کو پونچھ ڈویژن کے چار اضلاع راولا کوٹ، باغ، پلندری اور حویلی میں ووٹنگ کا مرحلہ پر امن طور پر مکمل ہو ا،کشمیری عوام 31 سال بعد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر پرجوش دکھائی دیئے ۔ چاروں اضلاع کی 787 نشستوں پر انتخابات میں آٹھ خواتین سمیت تین ہزار 859 امیدوار ں میں مقابلہ ہوا ۔ووٹنگ کے لیے ایک ہزار 867 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔ پونچھ ڈویژن میں 12 امیدوار پہلے ہی بلامقابلہ منتخب ہوچکے ہیں۔آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں نو ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے سیکیورٹی فرائض سرانجام دئیے ۔ دن بھر ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے بڑی تعداد میں گھروں سے پولنگ سٹیشن پہنچتے رہے ۔ ضلع باغ کی 28 یونین کونسلز میں 1256 امیدوار مدمقابل تھے ۔ 300692 ووٹرز نے اپنے اپنے بلدیاتی نمائندوں کو ووٹ دیا۔باغ میں مرد ووٹرز کی تعداد 158033 جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 142654 ہے۔

اہم خبریں سے مزید