کراچی (نیوز ڈیسک) بحرِ ہند میں ایرانی جنگی جہاز کی تباہی پر بھارت کو سفارتی دھچکا، امریکی حملے میں87اہلکار جاں بحق، جہاز انڈیا میں عالمی بحری مشق میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا، واقعہ بھارت کیلئے سفارتی اور اسٹریٹجک شرمندگی قرار، بھارت حکومت کی خاموشی پر اپوزیشن کی شدید تنقید، غیر ملکی میڈیا کے مطابق بحرِ ہند میں سری لنکا کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں امریکی آبدوز کے حملے سے ایرانی جنگی جہاز آئرس دینا تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں کم از کم 87 اہلکار ہلاک، 41 لاپتا جبکہ 3 کو سری لنکن بحریہ نے بچالیا۔ یہ جہاز وشاکھاپٹنم میں منعقدہ بین الاقوامی بحری جائزے اور ملان دو ہزار چھبیس مشق میں شرکت کے بعد واپس جا رہا تھا۔ بھارت کے سابق بحری سربراہ ارون پرکاش، سابق خارجہ سیکریٹری نروپما مینن راؤ اور سفارتکار کنول سبّل سمیت متعدد دفاعی ماہرین نے اس واقعے کو نئی دہلی کے لیے اسٹریٹجک شرمندگی اور خطے میں اس کی ساکھ کے لیے دھچکا قرار دیا ہے۔