راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنے کے مشکل مشن کا سوچ رہی ہے۔ پنڈی ٹیسٹ دلچسپ مرحلے میں ہے اور پی سی بی حکام کو اب ملتان ٹیسٹ کی فکر لاحق ہے۔ اتوار کو پنڈی کے ڈریسنگ روم میں بیٹنگ کوچ محمد یوسف موجود نہیں تھے۔ وہ ہیڈکوچ ثقلین مشتاق اور کپتان بابر اعظم کے کہنے پر مشن ایمپوسیبل کے لئے ملتان پہنچ گئے ہیں جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں منگل کو ملتان پہنچیں گی۔ مشن کامقصد پچ بناؤ ،میچ بچاؤ ہے۔ حد درجہ مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کپتان یوسف پچ کی تیاری میں چیف کیوریٹر آغا زاہد اور مقامی کیوریٹر کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے ۔ پنڈی ٹیسٹ میں پچ پر ہونے والی تنقید کے بعد پی سی بی پر کافی دباؤ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم انتظامیہ اور پی سی بی ایسی پچ بنانا چاہتے ہیں جس پر پاکستانی بولروں کو ایڈوانٹیج ملے۔