اسلام آباد(اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ملک میں قبل از وقت انتخابات کرانے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے جس کاپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان مطالبہ کرتے ہیں۔اتوار کووزیر خارجہ نے الجزیرہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کو گزشتہ حکومت کی طرف سےتباہ شدہ معیشت اور انتشار زدہ ملک وراثت میں ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اندرونی مسائل کے حل اور بین الاقوامی سطح پر اتفاق رائے کی تلاش میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت سے وراثت میں ملنے والے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ضروری ہے کہ پورا ملک متحد ہو جائے کیونکہ کوئی ایک سیاسی جماعت یا فرد تنہا صورتحال سے نمٹ نہیں سکتا۔عمران خان کو ہٹانے کے پیچھے غیر ملکی سازش کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ سیاسی رہنماؤں کو اس طرح کی سازشی تھیوریاں سامنے لانے کے بجائے اپنے لوگوں سے سچ بولنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی وزیر اعظم کو آئینی طور پر اعتماد کے ووٹ کے ذریعے ہٹایا گیا نہ کہ بغاوت یا عدالتی حکم کے ذریعے۔