• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نروس پاکستان ٹیم، ’’انگلش میڈیم کرکٹ‘‘ کے پہلے امتحان میں ناکام، پنڈی کا معرکہ انگلینڈ کے نام

راولپنڈی (عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) انگلینڈنے دلیرانہ ڈیکلیریشن کے بعد جارحانہ حکمت عملی ، شاندار بولنگ اور بہترین فیلڈنگ کے ذریعے پاکستانی ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں آؤٹ کلاس کردیا ۔ نروس پاکستان ٹیم انگلش میڈیم کرکٹ کے پہلے امتحان میں ناکام ہوگئی، مہمان ٹیم نے پہلا ٹیسٹ74 رنز سے جیت کر سیریز ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔انگلش ہیڈکوچ برینڈن میک کولم کی جارحانہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی اصطلاح ’’بیز بال ‘‘ ہوم سائیڈ کو لے بیٹھی۔ آسٹریلیا سے چند ماہ قبل ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم کو لگاتار دوسرے ہوم ٹیسٹ میں شکست ہوئی۔ پنڈی کی بے جان پچ پر پہلے دن انگلینڈ نے پانچ سو رنز بناکر نروس پاکستانی ٹیم کوشکست دے کر سب کو حیران کردیا۔ 343رنز کے ہدف کے تعاقب پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں پیر کی شام 268رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ انگلینڈ کے فاسٹ بولروں نے دوسری اننگز میں9وکٹ حاصل کئے۔ جیمز اینڈرسن نے36اور اولی رابنسن نے50رنز دے کر چار چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بین اسٹوکس اور لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آخری سیشن میں نسیم شاہ اور محمد علی نے 35منٹ اور53گیندوں تک مزاحمت کی۔ دوسری نئی گیند پر جیک لیچ نے نسیم شاہ کو چھ رنز پر ایل بی ڈبلیو کرکے پراعتماد انگلش ٹیم کو جیت دلوادی۔ اولی رابنسن کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ تجربہ کار اظہر علی نے81گیندوں پر40رنز کی اننگز کھیلی ۔ لنچ پر اسکور3وکٹ پر169رنز تھا۔ اسے فتح کے لیے مزید 174 رنز درکار تھے۔ لنچ کے بعد چوتھے اوور میں محمد رضوان92 گیندوں پر 46رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔سعود شکیل اور محمد رضوان کے درمیان87رنز کی شراکت قائم ہوئی ۔تھوڑی دیر بعد اولی رابنسن نے سب سے زیادہ رنز بنانے والے سعود شکیل کی پرائز وکٹ حاصل کی۔ وہ 159گیندوں پر76رنز بناسکے۔ سلمان علی آغا کو دو زندگیاں ملیں جب دونوں ریویو کا فیصلہ ان کے حق میں آیا۔ اظہر علی کا کیچ بھی ڈراپ ہوا۔ چائے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور پانچ وکٹ پر257رنز تھا اور اسے جیت کے لئے86رنز اور انگلینڈ کو پانچ وکٹ کی ضرورت تھی۔ وقفے کے بعد چوتھے اوور میں انگلینڈ نے ریویو پر سلمان آغا کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ انہوں نے64 گیندوں پر30رنز بنائے۔ پہلے ٹیسٹ میچ کے آخری دن پاکستان نے 80رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔امام الحق 48رنز پر جیمز اینڈرسن کی وکٹ بن گئے۔ سعود شکیل نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں نصف سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

اسپورٹس سے مزید