اسلام آباد،میر پور (نمائند جنگ ،جنگ نیوز) میرپور میں تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعظم آزادکشمیر تنویر الیاس میں تکرار ہوگئی،تنویر الیاس نے کہا کہ شہباز نے مجھے بات کرنے کا موقع بھی نہیں دیا، ان کارویہ چوہدری اور جاگیردار والا تھا،میر پور آزادکشمیر میں منگلا یونٹ 5اور 6کی تجدید کاری کی تقریب میں شہباز شریف کے خطاب کے دوران تنویرالیاس نے بار بار بولنےکی کوشش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب ختم کرنے کے کلمات کے دوران وزیراعظم آزاد کشمیر کچھ کہنے لگے جس پر شہباز شریف غصے میں آگئے اور بار بار کہتے رہے کہ وزیراعظم صاحب بیٹھیں آپ سے بات کریں گے۔بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ واپڈا نے وزیراعظم آزاد کشمیر کو تقریب کی اطلاع دی اور نہ ہی شرکت کی دعوت دی، واپڈاکے اہلکاروں نے ہمیں وزیراعظم شہباز شریف کے استقبال سے بھی روکا، اگرہم وزیراعظم پاکستان کا استقبال کرتے توان کی شان میں اضافہ ہوتا۔تنویر الیاس کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے ڈی آئی جی اور کمشنر کو بھی پہچاننے سے انکار کر دیا گیا، شہبازشریف نے مجھے تقریب میں بات کرنےکا موقع بھی نہیں دیا، ان کارویہ چوہدری اور جاگیردار والا تھا، آزادکشمیر کے عوام کیساتھ ہتک آمیز رویہ ناقابل قبول ہے۔