• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، امن خراب کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، آرمی چیف

راولپنڈی (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی، امن کو خراب کرنے والوں کی کوئی جگہ نہیں ہے.

مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا، قبائلی عوام اور سیکیورٹی فورسز کی بیشمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی،کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ وہ وادی تیراہ ،ضلع خیبر کے دورہ کے موقع پر قبائلیوں اور جوانوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔

 اس موقع پر آرمی چیف کو آپریشنل، ٹریننگ اور فارمیشن کے دیگر امور کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جس میں نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کیلئے محفوظ ماحول پیدا کرنے کی کوششیں شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نےوادی تیراہ، ضلع خیبر کا دورہ کیا۔

آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پرقائم اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ دن گذارا ۔آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈر نے ویسٹرن بارڈرز مینجمنٹ رجیم کے حصے کے طور پر آپریشنل تیاریوں اور بارڈر کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے آرمی چیف نے ان کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی ہے۔

آرمی چیف نے اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ قوم کی حمایت سے جاری رہے گی جب تک ہم پائیدار امن اور استحکام حاصل نہیں کر لیتے۔پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائیگا، امن کو خراب کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک کی کامیابیوں کو روکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

بعد ازاں آرمی چیف نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پھولوں کی چادر چڑھائی۔ قبل ازیں آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا۔

اہم خبریں سے مزید