راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) بھارت نے بلائنڈ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے پاکستانی ٹیم کو ویزے دینے سے انکار کردیا ہے جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کرے گی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو اتوار کو بھارت روانہ ہونا تھا۔ بھارت کے انکار پر پاکستان بلائنڈ کونسل نے کہا ہے کہ فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے، ورلڈ کپ پانچ سے سترہ دسمبر تک جاری رہے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ جیتنے کی مضبوط امیدوار تھی۔ پاکستانی ٹیم دو مرتبہ رنرز اپ رہ چکی ہے۔ چیئرمین پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ نے کلیئرنس نہیں دی ۔ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہیں، کھیلوں میں سیاست کولایا گیا ہے۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل بھارت کے خلاف سخت ایکشن لے گا۔ بھارت کو مستقبل میں میزبانی دینے پر پابندی لگا سکتی ہے۔