• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا سعودی عرب کشیدگی کے دوران چینی صدر آج ریاض پہنچیں گے

ریاض (اے ایف پی، جنگ نیوز) امریکا اور سعودی عرب کے مابین جاری کشیدگی کے درمیان ہی چین کے صدر شی جن پنگ بدھ کے روز سعودی عرب کےتین روزہ دورے پر ریاض پہنچیں گے .

 صدر شی سعودی شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کے علاوہ چین عرب سربراہی کانفرنس بھی شرکت کریں گے جس میں 14عرب ممالک کے سربراہان شریک ہوں گے ، وہ مشرق وسطیٰ کے دیگر رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے ،یہ کورونا کے آغاز کے بعد سے چینی صدر کا تیسرا بیرونی دورہ ہوگا جبکہ آخری بارانہوں نے 2016میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا.

شی جن پنگ کا دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب امریکا اور سعودی عرب کے تعلقات کشیدہ ہیں، عالمی توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی کی صورت حال ہے اور واشنگٹن مشرق وسطیٰ میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرات سے خاصا فکرمند ہے.

 امریکا اور سعودی عرب کے درمیان تیل کی پیداوار کے معاملے پر اکتوبر میں اس وقت کافی گرما گرمی پیدا ہو گئی تھی جب سعودی قیادت میں تیل پیداکرنے والے ملکوں کی تنظیم اوپیک نے قیمتوں کو مستحکم کرنے کی کوشش کے تحت تیل کی پیداوار میں یومیہ 20 لاکھ بیرل کی کمی کردی تھی۔ یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے سخت اعتراض کے باوجود کیا گیا تھا۔

سعودی عرب چین کے ساتھ اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کر رہا ہے۔ گوکہ روس کم قیمت کی وجہ سے چین کو پہلے کے مقابلے زیادہ مقدارمیں تیل سپلائی کر رہا ہے تاہم سعودی عرب اب بھی بیجنگ کو تیل سپلائی کرنے میں سر فہرست ہے۔

اہم خبریں سے مزید