کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے چینی ایکسپورٹ پر سبسڈی کی عدم ادائیگی پر 17 شوگر ملز کی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل کو 13 دسمبر کو طلب کر لیا ہے۔ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے روبرو 17شوگر ملز کی ایکسپورٹ پر 2019-20 کی طے شدہ سبسڈی نہ ملنے پر درخواست کی سماعت ہوئی۔ اسٹیٹ بینک اور درخواست گزاروں کے وکلا پیش ہوئے۔ درخواست گزاروں کے وکلا نے کہا کہ اومنی گروپ سے متعلق انکوائری میں جے آئی ٹی نے ادائیگی روکنے کی درخواست کی تھی۔ درخواست گزار شوگر ملوں کا اومنی گروپ کے شوگر ملز سے تعلق نہیں۔ ہماری واجب الادا سبسڈی کی رقم جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔ اسٹیٹ بینک کے وکیل نے کہا کہ جے آئی ٹی نے شوگر ملوں کی ادائیگی روکنے کا خط لکھا تھا۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ کوئی حقیقت ہے یا فسانہ تفصیلات سامنے آنی چاہئیں۔ درخواست گزاروں کے وکلا نے کہا کہ چینی ایکسپورٹ پر 50 فیصد سبسیڈی وفاق ادا کرچکا ہے۔ 50 فیصد سبسیڈی صوبائی حکومت پر تاحال واجب الادا ہے۔ اسٹیٹ بینک کے وکیل نے موقف اپنایا کہ سندھ حکومت سے اومنی گروپ کی شوگر ملوں سے متعلق تفصیلات مانگی ہیں۔