ملتان (نمائندہ خصوصی) پنڈی ٹیسٹ میں شکست کے چند گھنٹے بعد اسلام آباد میں ایک تقریب میں بابر اعظم نے وزیر اعظم شہباز شریف سے وعدہ کیا تھا کہ ہم ملتان ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کریں گے۔ ملتان میں پریس کانفرنس میں جب انہیں شہباز شریف سے کیا گیا وعدہ یاد دلایا تو انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم سے وعدہ ضرور کیا تھا لیکن لکھ کر نہیں دیا تھا۔ نہیں ہوا تو پتہ نہیں کیا ہوگا۔ یہ کھیل ہے۔ محنت اور کوشش ہمارے ہاتھ میں ہے۔ ماضی میں بھی باؤنس بیک کرتے رہے ہیں جو گذر گیا اس کے بارے میں نہیں سوچتے۔ مجھ پر نہ پریشر ہے اور نہ میں کسی کا پریشر لیتا ہوں۔ جو ذمے داری مجھے دی گئی ہے کوشش کرتا ہوں اس پر پورا اتروں، دل کرتا ہے کہ ہر میچ میں کارکردگی دوں لیکن جب تک غلطیاں نہیں ہوتی آپ سیکھتے نہیں ہیں۔ دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔ پچ پلاننگ کے مطابق خشک ہے، اس پچ پر بال ریورس اور اسپن ہوگی۔ ملتان دھند اتنی نہیں ہے، فرق نہیں پڑے گا، پچ اور کنڈیشن دیکھ کر ٹیم کا انتخاب کیاجائےگا۔ جو فاسٹ بولرز ٹیم میں ہیں ان ہی پر انحصار کرینگے، فاسٹ بولرز کے بوجھ کا خیال رکھ رہے ہیں۔پہلا ٹیسٹ ہمارے ہاتھ میں تھا جو نہیں جیت سکے، ہماری غلطی ہے۔ ہمیں اپنی غلطیوں پر قابو پانا ہے، ہمارا پلان ہے کہ آئندہ میچز میں جارحانہ کھیلیں گے۔